بھارتی دہشگردی،تاجر سمیت مزید5کشمیری شہید،آج ہڑتال:پاکستان کی مذمت
سرینگر+ اسلام آباد (آئی این پی+ کے پی آئی+ خصوصی نامہ نگار) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے۔ تاجر سمیت مزید پانچ نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ پاکستان نے درندگی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پانچ کشمیری نوجوانوں کو ضلع کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے کلگام اور قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کرکے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔ موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔ قابض بھارتی فورسز نے گھرگھر تلاشی کے دوران پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں 2روز میں 9کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔ 9 شہریوں کے قتل کے خلاف آج جمعہ کے روز مکمل ہڑتال ہوگی۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے۔ حریت کانفرنس کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ اور میر واعظ عمر فاروق نے ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں سے کہا نماز جمعہ کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے اور شہریوںکے وحشیانہ قتل کے خلاف پرامن مظاہرے کیے جائیں۔ دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کو سری نگر میں گھر میں دوبارہ نظر بند کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین کو حراست میں لیے جانے پر محبوبہ مفتی نے مذمت کی تھی۔ کے پی آئی کے مطابق انہوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ پولیس نے ان لواحقین کو ان کے لخت جگروں کی نعشوں کو ان کے سپرد کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں محبوبہ مفتی کے بھائی تصدق حسین مفتی کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا۔ محبوبہ مفتی نے مقفل دروازوں اور سکیورٹی انتظامات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور پھر ان کے اہل خانہ کو باعزت تدفین کا حق نہ دے کر بھارتی حکومت غیر انسانیت کی اتھاہ گہرائیوں میں گر گئی۔ ٹویٹ میں انہوں نے بھارتی حکام کے حوالے سے مزید کہا کہ وہ اپنے اقدامات پر جوابدہ نہیں ہونا چاہتے اس لیے جو آوازیں اس قسم کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف بلند ہو رہی ہیں انہیں دبایا جارہا ہے۔ دوسری طرف ایک شہید کی بیٹی کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ 9، 10 سالہ بچی دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے دہائی دے رہی ہے ظالموں نے میرے والد کو شہید کردیا۔ پاکستان نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شہدا کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ گزشتہ ماہ سے اب تک جعلی مقابلوں یا نام نہاد سرچ آپریشنز میں 30 کشمیری شہید کردیئے تھے۔ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی میں معصوم شہری، خواتین، بچے اور بزرگ بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں۔ شہید کشمیریوں کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الطاف احمد بھٹ کو بھارتی فورسز نے ایک انکاؤنٹر کے دوران انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے شہید کیا۔ الطاف بھٹ کی بیٹی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ روتے ہوئے بتا رہی ہے بچی کا جب میں نے بھارتی فوجیوں سے کہا کہ انکل آپ نے یہ کیا کیا تو آگے سے وہ بہت بے شرمی سے ہنس رہے تھے۔ کشمیری بچی کا کہنا تھا کہ میرا بھائی بہت چھوٹا ہے، وہ بابا سے بہت زیادہ قریب تھا۔ اسے ہم کیا جواب دیں گے، کیسے سمجھائیں گے؟۔