• news

بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی وفد کیساتھ کرتارپورآمد،پاکستان آ کر خوشی ہوئی،چرن جیت


لاہور، شکرگڑھ، ننکانہ صاحب (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ  اعلیٰ سطحی  وفد، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ  کرتارپور پہنچے۔ مہمانوں کی آمد کے پیش نظر نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر بھی کرتار پور پہنچے۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید الحسن شاہ، رکن صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑا، سی ای او کرتار پور راہداری محمد لطیف نے زیرو لائن پر بھارتی وفد کا استقبال کیا۔ بھارتی وفد کا استقبال کرنے والوں میں کمشنر گوجرانولہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن، ڈپٹی کمشنر نارووال بھی موجود تھے۔ گورودوارہ دربار صاحب پر ماتھا ٹیکنے کے لئے آنے والوں میں وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ، سکھ جندر سنگھ رندھاوا ڈپٹی وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب، اوم پرکاش سوہنی ڈپٹی وزیر اعلیٰ، مس ارونا چوہدری پنجاب کیبنٹ منسٹر، ہریش چوہدری راجھستان کیبنٹ منسٹر / انچارج پنجاب کانگریس افئیرز بھی شامل ہیں۔ 8 اراکین پنجاب  اسمبلی جن میں رانا گورجیت سنگھ، وجے اندرا سنگلا، راج کمار ورکا، پرگت سنگھ، امریندر سنگھ وارنگ، کلجیت سنگھ ناگرہ، کلبیر سنگھ زرہ اور ہرمندر سنگھ گل بھی کرتار پور راہداری کے راستے پہنچے۔ وفد نے دربار صاحب میں ماتھا ٹیکا، مذہبی رسومات ادا کیں۔ بابا گورونانک سے منسوب مقامات اور اشیاء کی زیارت کی۔ وزیر اعلیٰ کو کرپان اور سروپا کا تحفہ پیش کیا گیا۔ مہمانوں کو کرتارپور کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیا۔ مہمانوں کو سبزی، دال، نمکین چاول، اچار، روٹی، میٹھے چاول، چائے پر مشتمل لنگر پیش کیا گیا۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور آکر بہت خوشی ہوئی۔ راہداری کھولنے سے امن اور محبت میں اضافہ ہوگا، ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔ بھارت سے زیادہ اچھی پنجابی پاکستان آکر سننے کو ملی۔ مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر بھارتی وفد نے پاکستانی حکومت کے کرتارپور گردوارہ اور کمپلیکس کو شاہکار منصوبہ قرار دیا۔ علاوہ ازیں پاکستان آئے سکھ یاتریوں کی گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد حاضری، یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں ننکانہ صاحب سے سچا سودا لیجایا گیا۔ جہاں پر انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے گورو دوارے اور مذہبی مقامات اپنی اصل شکل میں موجود ہیں۔ بہتر ین طریقہ سے انکی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ جس پر ہم حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ آج  19نومبر کو جنم دن کی مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جس میں مختلف حکومتی ،سیاسی و سماجی رہنماء بھی شرکت کریں گے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق اس موقع پر وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دریں اثناء ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابقسکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کے552ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز گذشتہ رات گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اکھنڈپاٹھ کی رسم سے ہوگیا ،شرکت کے لیے بھارت اور اندرون ملک سمیت دنیا بھر سے ہندو اورسکھ یاتریوںکی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ رات سرداررام پال سنگھ بھینی وال کی زیر قیادت2400 سے زائدبھارتی سکھ یاتری واہگہ باڈر کے راستے خصوصی بسوں سے ننکانہ صاحب پہنچے۔ جہاں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ، ڈی پی اوکیپٹن (ر) منصور امان ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب چوہدری نعیم احمد، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن رانا شاہد ڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل، یاتریوںکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ ،شبد کیرتن اور دیگر مذہبی رسومات ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ گوردوارہ جنم استھان کوخوبصورت لائٹوں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ یاتریوں کے قیام وطعام ، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کئے گئے ہیں ۔ آج 19نومبر کودوپہر بارہ بجے یاتری گورو گرنتھ کا جلوس ( نگر کیرتن ) نکالیں گے اور رات کو آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے صوبائی وزراء سیدسعید الحسن شاہ، خیال احمد کاسترو اور یاور عباس بخاری نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کا استقبال کیا اور کرتار پور آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔

ای پیپر-دی نیشن