• news

راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس، محمود اور وسیم تابش کی ضمانتیں منظور


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کرپشن کیس میں سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور وسیم تابش کی بعد از گرفتاری ضمانتیں منظور کر لیں۔ عدالت نے ملزمان کو 1 ایک کروڑ  روپے فی کس مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ وکلاء درخواست گزاران نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے برعکس مقدمہ درج کیا گیا۔ دوران حراست کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی۔ استدعا ہے کہ عدالت ٹرائل کے حتمی فیصلے تک ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کرے۔ ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن نے بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔ بطور سرکاری ملازم مجرمانہ غفلت برتنے اور کرپشن کی ناقابل ضمانت دفعہ 409 لگائی گئی ہے مگر اس کا ایک بھی ثبوت ریکارڈ پر آج تک نہیں لایا گیا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ ملزمان نے بھاری رقوم پرائیویٹ افراد سے وصول کی ہیں۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان تفتیش میں قصوروار پائے گئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے تفصیلی دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن