انتہا پسندی مدارس نہیں سکولوں کالجوں کے باعث ہے: فواد چودھری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر فواد چودھری نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاپسندی ملک یا قوم کو تنہا یا تباہ کر سکتی ہے۔ سیاسی خارجی وجوہات کی بنا پر صوفیاء کی زمین کو انتہاپسندی کی جانب بڑھنے دیا گیا۔ ریاست یا حکومت انتہاپسندی سے لڑنے کیلئے تیار نہیں۔ انتہاپسندی کی وجہ مدارس نہیں ہمارے سکول اور کالجز ہیں۔ سکول و کالجز میں 80 اور 40 کی دہائی میں ایسے اساتذہ بھرتی ہوئے جو انتہاپسندی کو پروان چڑھا رہے۔ ٹی ایل پی کے کیس میں ہم نے دیکھا کہ کس طرح ریاست کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ ہمارے سکولوں اور کالجز میں انتہاپسندی کی تربیت دی جا رہی ہے۔ انتہاپسندی کے بیشتر واقعات میں سکول و کالج سے فارغ التحصیل نوجوان ملوث ہیں۔ آج بڑے بڑے سکالرز ملک میں قدم نہیں رکھ سکتے۔ جاوید غامدی امریکہ میں ہیں پاکستان نہیں آسکتے، ہمیں یورپ اور امریکہ سے نہیں اپنے آپ سے خطرہ ہے۔ دریں اثناء فواد حسین وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے گھر گئے اور ان کے بڑے بھائی شیخ رفیق قمر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔