گورنر سٹیٹ بنک کے نہ آنے پر سینٹ قائمہ کمیٹی برہم‘ چیئرمین نے خط پھاڑ دیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔ گورنر سٹیٹ بنک کی عدم حاضری پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ گورنر سٹیٹ بنک کو گرفتار کرکے پارلیمنٹ لایا جائے گا۔ میں نے گورنر سٹیٹ بنک کو نوٹس دیا ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک کے نہ آنے پر کمیٹی نے تحریک استحقاق جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر حکم دوں تو پولیس کے ذریعے گورنر سٹیٹ بنک کو حاضر کیا جائے گا۔ چیئرمین کمیٹی نے گورنر سٹیٹ بنک کا خط پھاڑ دیا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ میں کسی ایسے خط کو نہیں مانتا۔ ملک کی بے عزتی کرائی جا رہی ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ ڈالر میں ڈیل کرتا ہے۔ سلم مانڈوی والا نے کہا کہ گزشتہ تین اجلاسوں سے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک بھی نہیں آئے۔ مصدق ملک نے کہا کہ عراقی سفیر یہاں موجود ہیں اور گورنر سٹیٹ بنک نہیں آئے۔