ایمشن کنٹرول سسٹم کے بغیر چلنے والے16صنعتی یونٹس سربمہر
لاہور(سٹی رپورٹر) شہر بھر میں خصوصی انسداد سموگ سکواڈوں نے کاروائیاں جاری ہیں۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس کو سیل کیا جا رہا ہے۔ کمشنر لاہور کو خصوصی انسداد سموگ سکواڈز کی آج ایک دن کی کاروائیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایمشن کنٹرول سسٹم کے بغیر چلنے والے16صنعتی یونٹس سربمہر کر دئیے گئے۔ خصوصی انسداد سموگ سکواڈوں نے ایک دن میں شہر بھر میں کل 56صنعتی یونٹس کو چیک کیا جس میں 39 صنعتی یونٹس کلیئر پائے گئے۔سکواڈ ون نے 10، سکواڈ ٹو نے 12 اور سکواڈ تھری نے آج 10صنعتی یونٹس کو چیک کیا۔ خصوصی انسدادسموگ سکواڈ فور نے12اور سکواڈ فائیو نے 12 صنعتی یونٹس کو چیک کیا جبکہ 2 انسدادسموگ ٹیموں نے دھواں چھوڑنے والی 44 گاڑیوں کے چالان جبکہ 10 گاڑیوں کو بند کر دیا گیا۔ شہر بھر میں 159 گاڑیوں کی متفرق چیکنگ کی گئی۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 62ہزار 750 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ انسداد سموگ خصوصی سکواڈز و ٹیمیں شہریوں کی اطلاع پر ایکشن لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کوڑا یا فصل کی باقیات جلانے پر سخت کاروائی کا مجاز ہے۔