• news

وزیراعظم سلیکٹڈ، ریجیکٹڈ، ای وی ایم کے پیچھے چھپ رہے:حمزہ شہباز


لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دنیا مسترد کرچکی، ماہرین کہہ رہے ہیں ای وی ایم شفافیت میں رکاوٹ ہے، وزیراعظم سلیکٹڈ اور ریجیکٹڈ ہیں، عوام کی طرف سے مسترد کیے جانے پر یہ ای وی ایم کے پیچھے چھپتے ہیں۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں اس لئے ہمیں پیچھے ہٹنا پڑا، جب آپ ریاست کے بارے میں ایسے الفاظ کا چنا ئوکریں گے تو دنیا کس نظر سے ہمیں دیکھے گی، ایسے لوگوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، انہوں نے 4 سال میں ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب چینی کا بحران آتا ہے تو برآمد کر دی جاتی ہے، چینی اور آٹے کی کمی ہوتی ہے تو اربوں روپے کمائے جاتے ہیں، عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، آج ملک میں مہنگی ترین ایل این جی ہے، اپنے اے ٹی ایمز کو نوازنے کیلئے فرنس آئل سے بجلی پیدا کی گئی، آج تک ایل این جی ٹرمینل پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی اور آپ کے جھوٹ بڑھتے جا رہے ہیں، فیٹف کا معاملہ گرے لسٹ میں ہے، 17 نومبر ملکی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے نام سے یاد کیا جائے گا، بتایا جائے ای وی ایم سے اتنا پیار کیوں ہے ؟ کیونکہ آپ کو اپنی کارکردگی کا پتہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن