• news

عمران ووٹ پر ڈاکہ  ڈالنے کی کوشش کر رہے ہے،جیالے گھر میں گھس کر شکست دینگے:بلاول


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ میں عمران خان کو وارننگ دے رہا ہوں کہ عمران خان کے گھبرانے کا وقت آچکا ہے، جیالے انہیں گھر میں گھس کر شکست دیں گے۔ پیپلزپارٹی مزدوروں، محنت کشوں اور طلبہ کی جماعت ہے۔ یہ شہیدوں اور جیالوں کی جماعت ہے جو غریبوں کو گھر دیتی ہے، ان کے گھر مسمار نہیں کرتی۔ نوجوانوں کو روزگار دیتی ہے نوجوانوں سے روزگار نہیں چھینتی۔ جب کسی کو سلیکٹ کرکے لایا جائے گا تو یہ انہیں ہی خوش کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جلسہ گاہ سے حاضرین سے سوال کیا کہ آپ کے بچوں کو ملازمتیں ملیں؟ تو حاضرین نے جواب دیا کہ نہیں، نہیں ملیں۔ عمران خان جھوٹا شخص ہے، جھوٹے دعوے کرتا ہے۔ عمران خان نے غریبوں سے گھر کی چھت چھین لی۔ ہر ادارے پر یہ حکومت حملہ آور ہے۔ یہ کس قسم کا انصاف ہے، کس قسم کی تبدیلی ہے، ملک کے نوجوان دو دو ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر پھر رہے ہیں دھکے کھا رہے ہیں اور تبدیلی کے دعویدار ان کو روزگار نہیں دے سکے۔ تین سال وفاق میں ہو چکے ہیں یہاں تو وہ آٹھ سال سے حکومت میں ہیں۔ میں آج نوشہرہ والوں سے پوچھتا ہوں کہ آپ کے ہاں کتنے گھر بنے ہیں، آپ میں سے کتنے خاندانوں کو گھر ملا ہے۔ میں نوشہرہ کے عوام کو دعوت دیتا ہوں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں۔ بینظیر بھٹو کا نظریہ اپناتے ہوئے اس غریب عوام کے مسائل دور کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے ایک ہی چیز کی ضرورت ہے کہ جیالوںکی حکومت ہو، پی پی پی کی حکومت اور عوام کی حکومت ہو۔ اگر ہم قائد عوام کا فلسفہ اپناتے ہیں اگر ہم ایسے معیشت چلاتے ہیں جو عوام کے مفاد میں ہو، آئی ایم ایف کی غلامی نہیں کریں عوام کی خدمت کرے تو ہم معاشی ترقی لا سکتے ہیں، معاشی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ ہمیں صرف غریب دوست حکومت کی ضرورت ہے جو کنسٹرکشن سیکٹر میں ارب پتیوں کو ریلیف نہ دے، جو ارب پتی بینکرز کو اربوں روپے کے ریلیف نہ دے، جو صرف اور صرف اگر ہم نے ریلیف دینا ہے تو ہم عام آدمی کو ریلیف دے سکتے ہیں، ان کی تنخواہوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ کم از کم اجر ت میں اضاف کر سکتے ہیں، پنشن میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ ہم غریبوں اور مزدوروں کے لئے لیبر کارڈ لائیں گے۔ ایسے ہی اس ملک کے نوجوانوںکیلئے یوتھ کارڈ لا سکتے ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں 60 آئٹم پر قانون سازی کے باوجود ان میں ایک ایشو بھی مہنگائی کم کرنے کے لئے نہیں تھا۔ ہم نے ایک بھی پالیسی پاس نہیں کی جس سے آپ کی غربت اور بیروزگاری کم ہوں۔ عمران آپ کے پیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، آپ کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انشاء اللہ آپ کی محنت کی وجہ سے آپ کی جدوجہد کی وجہ سے ہم ان کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، سلیکٹڈ کو پکڑ کر اس سے حساب لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن