• news

چیئرمین اپٹما نے گیس کی قیمت میں اضافہ مسترد کردیا


لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین اپٹما عبدالرحیم ناصر نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سپلائی کی جانے والی گیس کی قیمت میں اضافے کو مسترد کردیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے فوری مداخلت کی اپیل کر کے اس بے جا اضافے کو واپس لینے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا  کے مقابلے میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمت میں اضافہ ناقابل قبول ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پنجاب میں ایکسپورٹ انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمت ساڑھے چھے ڈالر سے بڑھا کر 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی ہے۔ چیئرمین نادرن زون حامد زمان اور سنیئر وائس چیئرمین کامران ارشد کے علاوہ سیکرٹری جنرل رضا باقر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آپٹما قائدین نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم بغیر وقت ضائع کئے صورت حال کا نوٹس لیں گے اور ایکسپورٹ انڈسٹری کو یکساں اور مسابقتی نرخوں پر گیس کی سپلائی یقینی بنائیں گے کیونکہ پنجاب میں ایکسپورٹ انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمت نہ صرف اندرون ملک بلکہ انڈیا اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں بھی بڑھ گئی ہے۔چیئرمین ایپٹما نارتھ زون حامد زمان نے کہا کہ یہ صرف پنجاب کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے دیگر صوبوں کو سستی انرجی گیس فراہم کی جارہی ہے دیگر صوبوں میں 4.5 ڈالر ہے جبکہ پنجاب کا ریٹ  بڑھا دیا گیا ہے سب کو برابر رکھیں پنجاب کو کیوں زیادہ پیسے دینے پڑتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن