انگلینڈ میں نسلی تعصب کا معاملہ سنگین‘ انگلش کرکٹر کی کالے چہرے والی تصویر وائرل
لندن (آئی این پی) انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر ایلکس ہیلز کی کالے چہرے والی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد انگلینڈ میں نسلی تعصب کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ برطانوی جریدے دی سن کی جانب سے انگلش بلے باز ایلکس ہیلز کی ایک تصویر شائع کی گئی ہے جس میں انہیں دوستوں کے ساتھ کھڑا دیکھا جا سکتا ہے، تصویر میں ایلکس ہیلز کو چہرے پر کالے پینٹ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ چند روز قبل پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر عظیم رفیق نے انگلش سپورٹس سلیکٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر بتایا تھا کہ انہیں مسلسل لفظ 'پی' کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث انہوں نے خود کو تنہا اور الگ تھلگ محسوس کیا۔ عظیم رفیق نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا تھا کہ ایلکس ہیلز نے اپنے کالے رنگ کے کتے کا نام کیون رکھا کیونکہ کرکٹر گیرے بالانس اس نام کو غیر سفید فام افراد کی توہین کے لیے استعمال کرتے تھے۔ تاہم انگلش بلے باز ایلکس ہیلز کی جانب سے عظیم رفیق کے الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یارک شائر کائونٹی کا کپتان بنایا گیا تو ڈریسنگ روم کا ماحول خاصہ زہریلا تھا، جو سلوک میرے ساتھ ہوا میں اس کا مستحق نہیں تھا، ایسا ماحول تھا کہ کسی مسلمان کھلاڑی کے روزہ رکھنے پر اسے ہر غلطی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔