جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ڈی ویلیئرز تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر
لاہور(سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔انہوںنے سوشل میڈیا کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد ان کا 18 سال سے زائد عرصے پر محیط ناقابل یقین کیرئیر ختم ہو گیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر لکھاکہ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے لیکن میں نے تمام کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔اپنے گھر کے پچھلے صحن میں میرے بڑے بھائیوں کیساتھ شروع ہونے والی کرکٹ سے لے کر آج تک میں نے یہ کھیل خالص لطف اور جوش کیساتھ کھیلا ہے، اب 37 سال کی عمر میں، وہ شعلہ اب اتنا تیز نہیں جلتا ہے۔یہ وہ حقیقت ہے جسے مجھے قبول کرنا چاہیے اور ہو سکتا ہے یہ بہت اچانک لگے اسی لیے میں آج یہ اعلان کر رہا ہوں، میں نے اپنا وقت گزار لیا ہے اور کرکٹ میرے ساتھ غیر معمولی طور پر مہربان رہی ہے۔2004 میں اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کرنے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز نے 114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی ٹونٹی میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔ تمام فارمیٹس میں انہوں نے 20014 رنز بنائے اور ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ان کی اوسط 50 سے زیادہ رہی۔یاد رہے کہ انہوں نے مئی 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔