امریکی ماڈل کی مدد سے افغان خواتین فٹبال ٹیم لندن پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )امریکی فیشن ماڈل کم کرڈیشیئن نے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے افغان فٹبال ٹیم کی تیس 30 کھلاڑیوں کو ان کے خاندانوں کے ہمراہ پاکستان سے لندن پہنچا دیا ہے۔افغان خواتین کی یوتھ ڈیویلپمنٹ فٹبال ٹیم کی 30 خواتین کھلاڑیوں سمیت 130 افراد پاکستان سے لندن پہنچے ہیں۔خواتین کھلاڑیوں کو ان کے خاندانوں کے ہمراہ لندن پہنچانے میں کم کرڈیشیئن کا کردار اہم رہا‘انہوںنے اخراجات برداشت کئے ۔کے علاوہ امریکی ریاست نیویارک میں یہودیوں کے مذہبی پیشوا اور ایک برطانوی فٹبال کلب نے مدد کی ہے۔انگلش پریمیئر لیگ کلب لیڈز یونائیٹڈ نے آئندہ بھی کھلاڑیوں کی مدد کی پیشکش کی ہے۔لندن پہنچنے پر تمام افغان مسافروں کو دس دن کیلئے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کے بعد وہ نئے شہر میں اپنی زندگی کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔زیڈیک ایسوسی ایشن کے بانی موشے مارگریٹن جو کم کرڈیشیئن کیساتھ قانونی اصلاحات پر کام کر چکے ہیں نے فیشن ماڈل سے درخواست کی کہ وہ چارٹرڈ طیارے کے پیسے ادا کرنے میں مدد فراہم کریں۔موشے مارگریٹن کا کہنا تھا کہ زوم کال کرنے کے ایک گھنٹے بعد مجھے میسج آیا کہ کم کرڈیشیئن پوری فلائٹ فنڈ کرنا چاہتی ہیں۔افغان خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی سابق کپتان خالدہ پوپل نے لڑکیوں اور خواتین کے خطرے سے باہر نکلنے پر خوشی اور تسلی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کے چند اہل خانہ کو طالبان نے ہلاک کر دیا تھا یا پھر ساتھ لے گئے تھے۔