مسلم لیگ ق مؤثر قانون سازی کے عمل میں پیش پیش: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان مسلم لیگ کے رکن ساجد احمد خان بھٹی کو پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس موقع پر سالک حسین ایم این اے بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب اسمبلی میں مئوثر قانون سازی کے عمل میں پیش پیش ہے۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے انتخاب میں جن حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی نے ساجد خان بھٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کے ہم تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساجد احمد خان بھٹی ایک سلجھے ہوئے نوجوان پارلیمنٹرین ہیں۔ وہ کمیٹی کے معاملات باہمی مشاورت سے چلائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے ارکان رانا مشہود احمد خان، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ملک محمد احمد خان، ملک احمد علی اولکھ، خواجہ سلمان رفیق، محمد کاظم پیرزادہ، سمیع اللہ خان، رانا منور حسین، محمد ایوب خان، نوابزادہ وسیم خان بادوزئی اور غلام علی اصغر خان لہڑی کا شکریہ ادا کیا۔