گیس کا بحران حکومتی نا اہلی،سزا عوام کو مل رہی ہے،شہباز شریف
اسلام آباد +فیروز والا+شرقپور( خبر نگار+نامہ نگاران) شہباز شریف نے گیس کے بحران کا ذمہ دار حکومت کی غفلت، نااہلی اور کرپشن کو ٹھہرا دیا ہے۔ مہنگائی کی قیامت برپا کرنے کے بعد گیس کا بحران ناکامی در ناکامی کا شاخسانہ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تین سال سے عوام صدموں، حادثات، پریشانیوں اور تکالیف میں مبتلا ہیں، حکومت کی مجرمانہ نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے، عوام کو بے بسی کی دلدل میں پھینکنا حکومتی بے حسی ہے، نوازشریف کے بنائے ٹرمینلز کے ہوتے ہوئے بھی گیس کا بحران پیدا ہونا حکومت کی نااہلی کی انتہا کو دکھاتا ہے۔ ٹرمینلز اور استعداد موجود ہیں لیکن حکومت بروقت اور مناسب قیمت پر گیس کا بندوبست نہ کرسکی، اس وقت ٹرمینلز میں گیس ذخیرہ کرنے کی جو گنجائش ہے، اس کے نصف سے بھی کم کو بروئے کار لایا جارہا ہے، حکومت مسلسل جھوٹ بولنے، دھکا شاہی سے کالے قانون منظور کرانے کے بجائے گیس فراہمی اور عوام کی سہولت کے معاملات پر توجہ دیتی تو آج اس صورتحال سے بچا جا سکتا تھا اگر یہ ٹرمینل بھی نہ ہوتے اور یہ حکومت ہوتی تو پھر کیا ہوتا؟ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والی حکومت کا ہر اقدام مہنگائی اور مسائل کی چکی میں پستے عوام کو پرانے پاکستان کی یاد دلاتا ہے۔ ثابت ہوا کہ اس حکومت سے نجات ہی عوام اور ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے عوام کو مشکلات، مسائل، مہنگائی اور بے بسی کے حوالے کر دیا گیا ہے آٹا چینی بجلی کے بعد گیس کی قلت اور مہنگائی عوام پر دوہرا ظلم ہے۔فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پارٹی کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین کے گھر جا کر ان کے چھوٹے بھائی رانا زاہد حسین کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔