بلدیاتی نہیں عام انتخابات چاہتے ہیں،مارچ میں راستہ حکومت نہیں ہم روکیں گے:فضل الرحمن
پشاور (بیورورپورٹ +صباح نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے جس نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ حکمرانوں نے معیشت کوعالمی مالیاتی اداروں میں گروی میں رکھوادیا۔ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ عمران سیاست کا غیرضروری عنصر ہے جسے قوم پر مسلط کیا گیا ۔ تین سال میں دو طرح کی قانون سازیاں کی گئیں۔ فوجی عدالت سے سزا پانے والے کل بھوش کی رہائی کے لیے قانون سازی کی گئی۔ حکمرانوں نے کشمیر کو بیچ کر ڈکار بھی نہیں لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام پشاور میں مہنگائی کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے ۔ یہ کٹھ پتلی ہے عوام کا نمائندہ نہیں۔ ملک پر اتنے قرضے مسلط کر دیئے گئے ہیں کہ آج لوگ اپنے بچوں کو بیچنے کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے لارہے ہیں۔ عوام اجتماعی خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔ تم نے ہماری تہذیب کو مغرب کیلئے تبدیل کرنے کی کوشش کی ۔ان کی خوشنودی کے لئے نوجوان نسل کو گمراہ کیا ۔ ہم نے تمہارے گریبان میں ہاتھ ڈال دیا ہے ۔ ہم اللہ کے لئے اس میدان میں نکلے ہیں اور لڑتے رہیں گے جب تک اس ناپاک حکومت کو سمندر برد نہ کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی کو فون کئے گئے کہ پارلیمنٹ میں جا کر قانون سازی میں حصہ لیں۔ پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو آزادی کی طرف بڑھنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم کے زیراہتمام پشاورمیں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ سے جو بل منظور کئے گئے وہ عوام کے دکھ د رد دور کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے منظور کروائے گئے۔ بل منظور کرکے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادھو کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی۔ مشترکہ اجلاس میں کی جانے والی قانون سازی کا مقصد اگلے انتخابات کو چوری کرنا ہے الیکٹرانک مشینیں ووٹ چوری کرنے کی کوشش ہے تاہم جس طرح سے قانون سازی کی گئی وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کی راہ ہموار کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو متعارف کر رہی ہے۔آفتاب شیرپائو نے الیکٹرانک مشین کے استعمال کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو اگلے عام انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔