• news

لاہور :سعد رضوی سے ملاقات ، وزیراعظم کی اجازت سے آیا : اعجاز چودھری 

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنمائوں کے مابین گزشتہ روز باضابطہ رابطہ میں علامہ سعد حسین  رضوی کو سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے خوش آمدید کہا۔ وہ انکو رہائی  کی مبارکباد دینے کیلئے مسجد رحمت للعالمین گئے۔ اس موقع پر پر تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ کے کئی ارکان موجود تھے۔ اعجاز چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے دو نومبر کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ وہ تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ سعد حسین رضوی کا رہائی کے بعد استقبال کریں گے۔ انہوں نے وعدہ کو پورا کیا ہے۔ گزشتہ روز سینیٹر اعجاز چوہدری  نے خادم حسین رضوی کے مزار پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں اعجاز چوہدری نے سعد رضوی کو ملاقات میں گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ خیر سگالی کے طور پر کیا۔ ٹی ایل پی واحد جماعت ہے کہ جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے ایسی لیڈرشپ سے رابطے میں رہیں جو دوسروں سے مختلف ہے۔ اعجازچوہدری کا کہنا تھاکہ میں نے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پر اطمینان کا اظہارکیا تھا۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے سعد رضوی سے ملے؟۔ اس پر سینیٹراعجاز چوہدری  کا کہنا تھاکہ میں عمران خان کی اجازت کے بغیر کبھی کسی سے نہیں ملتا۔ ان سے جب وزیراعظم عمران خان اورسعدرضوی کی ملاقات سے متعلق بھی پوچھا گیا۔ انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی اجازت لی تھی۔ ملاقات کے ضمن میں ترجمان ٹی ایل پی نے واضح کیا کہ اعجاز چوہدری ذاتی حیثیت میں ملنے آئے۔ سیاست میں دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ تاہم اتحاد کے بارے میں ایسے موقع پر گفتگو نہیں کی جا سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن