• news

سیریز میں کلین سویپ کرینگے : بابر اعظم ، فخر زمان : آخری اوورز اچھا نہیں کھیلے : محمود اللہ ریاض 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کھلاڑیوں نے پرفارم کیا ہے اس سے ٹیم کی کوشش نظر آئی ہے جس پر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ ٹیم نے کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے ۔ ہم نے مڈل اوورز میں اچھی بائولنگ کا مظاہر ہ کیا او ر آخری اوورز میں بھی اچھی بائولنگ کی وجہ سے کامیاب رہے ۔آخری میچ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کی کوشش کرینگے ۔ بابر اعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ شکر الحمداللہ ہم  سیریز جیت گئے ہیں۔ ہمارا اصل ہدف ٹیم کا مومنٹم برقرار رکھنا تھا۔ٹیم نے اچھا کھیلا ہے آگے بھی اسے برقرار رکھیں۔بابر اعظم نے اپنی ٹیم سے محبت کے اظہارکیلئے لو والی ایموجی کیساتھ قومی ٹیم کی تصویر بھی شیئر کی۔میچ میں شاندار نصف سنچری سکور کرنے والے بیٹر فخر زمان نے کہا کہ بنگلہ دیش کو آخری میچ میں شکست دے کر کلین سویپ کریں گے۔ وکٹ بیٹنگ کے لیے مشکل تھی، سیریز جیتنی کی خوشی ہے، آخری میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے کلین سویپ کریں گے۔ایسی پچ پر کھیلنا آسان نہیں ‘پارٹنر شپ قائم کرنا چاہتے تھے جس میں کامیاب رہے اور میچ میں بھی کامیابی ملی ۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے میچ کا اختتام اچھے انداز میں کیا ۔اتنا کہ سکتا ہوں کہ یہ پچ پہلے میچ والی پچ سے بہتر تھی ۔ آئیڈیل وکٹ نہیں تھی مگر پہلے سے بہتر تھی ‘جب آپ ملک سے باہر کھیل رہے ہوں تو کامیابی حاصل کرنا زیادہ اہم ہوتا ہے ۔ تیسرا میچ جیتنے کی بھر پور کوشش کرینگے تاکہ سیریز میں کلین سویپ مکمل کر سکیں ۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمو د اللہ ریاض نے کہا کہ ہم نے اچھاآغاز کیا تھا ‘ عفیف حسین اورشنتو نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا ۔ میں شنتو کے ساتھ مل کر اچھی پارٹنر شپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا ‘آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کر سکے جس کی وجہ سے بڑا ہدف نہیں بناسکے ۔ میرا خیال ہے کہ ہمیں ایسے بیٹرز چاہئے جو پندرہ اوورز کے بعد اچھی بلے بازی کا مظاہر ہ کر سکیں ۔ ہم نے آخری اوورز میں خراب کھیل پیش کیا ہے ۔ لڑکوں نے ٹریننگ کے دوران اچھی کوشش کی تھی ‘کیچنگ کی پریکٹس بھی کی تھی تاہم کیچز ڈراپ کرنے سے بھی نقصان ہوا ہے ۔ سب کچھ ٹھیک طرح سے جارہا تھا مگر کیچز ڈراپ ہونے سے صورتحال تبدیل ہو گئی ۔ میرے خیال میں ہمارے بائولنگ یونٹ نے گزشتہ پانچ چھ ماہ میں اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے ۔ فاسٹ بائولرز اور سپنرز نے توقعات کے مطابق بائولنگ کارکردگی دکھائی ہے ۔ بیٹرز پرفارم کرنے میں ناکام رہے ہیں ‘بیٹرز کو پر فارم کرنے کی ضرورت ہے ۔ کوشش کرینگے کہ تیسرے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں ۔ ٹریننگ سیشن میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کرینگے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن