مستونگ: گاڑی پر فائرنگ‘ پیپلز پارٹی رہنما سمیت5افراد جاں بحق
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے مستونگ والی خان بائی پاس پر مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ قتل ہونے والوں میں پیپلز پارٹی رہنما عبیر محمد خان ابابکی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت میر محمد خان رحمت اللہ محمد سلیم اور یحییٰ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ محمد قدیم‘ لقمان اور نعمت اللہ زخمی ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق مستونگ کوئٹہ اور نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔ لیویز حکام کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔