عمران خان کرپشن کیخلاف جہاد کررہے، لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی: شاہ محمود
ملتان (نمائندہ نواے وقت)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔ملکی بقا ء اور ترقی کیلئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی۔لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ تحریک انصاف قوم کو ایک مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے۔ہم نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے۔ کیونکہ وہ ملک ترقی کرتے ہیں جو آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت طویل مدتی ترقی چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں عوام سر اٹھا کر چلیں۔ہم ملک کا وقار بلند کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 کی یونین کونسل 52 پیپلز کالونی میں پی ٹی آئی رہنما ملک فرمان ڈمرا کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اقتدار سے باہربیٹھے کچھ سیاستدانوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ وہ نہیں چاہتے کہ ترقی کا پہیہ چلتا رہے۔ وہ شور مچا کر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کریگی بلکہ 2023ء کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیں گے۔ اس موقع پر رانا عبدالجبار‘ خضر حیات بلوچ‘ بابر شاہ‘ راؤ امجد علی‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی سمیت تحریک انصاف کے ورکرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا پہلی بار عوام کا پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ ہورہا ہے۔