مزید 170 سکھ یاتریوں کی کرتارپور آمد‘ ڈپٹی سی ایم ہریانہ بھی پہنچ گئے
شکرگڑھ‘ نارووال‘ حسن ابدال (نامہ نگاران) بابا گورو نانک کی 552 ویں سالگرہ کی 10 روزہ تقریبات کرتار پور میں جاری ہیں،بھارت سے 170 یاتری راہداری کے زریعے کرتار پور آئے،ملک اور بیرون ملک سے سینکڑوں یاتریوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری، بھارتی یاتری کرتار پور راہداری کھلنے پر حکومت پاکستان کے شکرگزار، بہترین سہولتیں اور لذیز لنگر فراہم کیا جا رہا ہے، یاتریوں کی گفتگو، دربار صاحب کرتار پور میں بابا گورونانک کے552 جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے گزشتہ روز کرتار پور راہداری سے170 یاتری دربار صاحب کرتار پور پہنچے، سی ای او کرتار پور راہداری محمد لطیف نے سکھ رہنمائوں اور انتظامیہ کے ہمراہ یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا، یاتریوں نے دربار صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں، ماتھا ٹیکا اور گورونانک دیو جی سے منسوب مقامات اور مقدس اشیاء کی زیارت کی،یاتریوں کو دال،چاول ،روٹی،اچار،اور چائے کے علاوہ مختلف لوازمات پیش کئے گئے، یاتریوں نے یاتریوں سے حسن سلوک، لنگر خانے میں کھانے کے معیار،سہولتوں کی فراہمی،کرتار پور راہداری کھولنے پر حکومت پاکستان اور کرتار پور انتظامیہ کی دل کھول کر تعریف کی، پاکستان کے مختلف علاقوں اور بیرون ممالک سے بھی سینکڑوں یاتری کرتار پور پہنچے، مذہبی رسومات اور سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی۔ ڈپٹی سی ایم ہریانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک کا جنم دن سکھ برادری کے لیے خوشیوں بھرا تہوار ہے۔ سکھ برادری کو پنجاب آمد پر جی آیاں نوں کہتے ہیں۔ ہر سال سکھ برادری کی مہمان نوازی کرکے دلی خوشی ہوتی ہے سکھ یاتری مہمان نوازی پر پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ سکھ یاتریوں کا کہنا ہے بابا گرونانک احترام آدمیت کے پیروکار تھے۔ مزید برآں بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیر اعلی گردوارہ پربندھک کمیٹی کی چئیر پرسن جاگیر کور کے ہمراہ کرتارپور پہنچ گئے سی ای او کرتارپور سمیت انتظامیہ نے انکا بھرپور طریقے سے استقبال کیا۔ بھارتی وفد میں 100 سالہ بوڑھوں سمیت242 سکھ یاتری راہداری کے ذریعے کرتارپور پہنچے۔ جمعہ کے روز بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھ ویندر سنگھ رندھاوا اور بھارتی پربندھک کمیٹی کی چئیرپرسن جاگیر کور کے ہمراہ 242 وفد کے ہمراہ راہداری کے ذریعے گردوارہ صاحب کرتارپور پہنچے۔انکی آمد پر سی ای او محمد لطیف اور صدر پربندھک کمیٹی امیر سنگھ نے انکا بھرپور استقبال کیا۔تحائف دیئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ‘ اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال زونیرا جلیل، چیف آفیسر بلدیہ محمد منیر اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے سکھ یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ جس پر یاتریوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔