تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی آخری گیند پر جیت، سیریز میں کلین سویپ
لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں بھی شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔ شیر بنگلا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو 125 رنز کا ہدف دیا۔ عثمان قادر اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلادیش کی جانب سے محمد نعیم 47 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 32 رنز پر گری اور کپتان بابراعظم 19 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جس کے بعد رضوان نے کھیل کو سنبھالا اور وہ 40 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ آخری گیند تک گیا اور انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا۔ جبکہ آخری گیند پر محمد نواز نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔ پاکستان کی جانب سے حیدر علی 45 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ حیدر علی مین آف دی مین اور محمد رضوان مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ دوسری جانب ٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے جہاں دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھائی اور شائقین کرکٹ میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی، وہیں بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں بھی بنگلا فینز کی جانب سے غیر معمولی مقبولیت اور پذیرائی دیکھنے کو ملی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران بنگلا دیشی کراؤڈ پاکستانی ٹیم کو گراؤنڈ میں بھرپور سپورٹ کرتے دکھائی دیئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بظاہر پاکستان کرکٹ ٹیم گراؤنڈ سے ہوٹل کی طرف جارہی ہے اور سڑک پر ہر طرف بنگلا دیشی عوام پاکستانی کرکٹرز سے اظہار عقیدت کیلئے سڑکوں پر موجود ہے۔