• news

پٹرول پمپ مالکان کے کمشن میں100فیصد اضافہ،بوجھ صارفین پر پڑے گا


ملتان (میاں غفار سے) پٹرول پمپ مالکان کے کمیشن میں سو فیصد  اضافہ منظور کر کے فی لیٹر پٹرول پر کمیشن 6روپے کردیا گیا اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ بوجھ صارفین پر پڑے گا۔ ملک بھر کے پٹرول پمپ مالکان کی تنظیم آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے 25 نومبر کو ملک بھر میں ہڑتال کی دھمکی کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایت پر اوگرا نے پٹرول پمپس  پر فروخت ہونے والی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے6 روپے فی لٹر کمیشن مقرر کر دیا ہے۔ تمام پٹرولیم کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر ایسے تمام پٹرول پمپس جو ان کی کمپنیاں خود چلا رہی ہیں پر پیٹرولیم مصنوعات کا سٹاک فل کرلیں اور ٹینک خالی نہ رکھے جائیں تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یاد رہے کہ پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن گزشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر اپنے کمیشن میں اضافے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ موقف تھا کہ انہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنا پڑ رہی ہے اور سرمایہ کاری کے مدمقابل کمیشن بہت کم ہے۔ مذاکرات کے بعد ان کے مطالبات تسلیم کرلئے گئے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ڈیلرز تین روپے فی لیٹر کمیشن وصول کررہے تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن