جڑا نوالہ میں زیادتی کے بعد 7سالہ طالب علم قتل
لاہور‘ جڑانوالہ‘ کوٹ رادھا کشن‘ قصور‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ صاحب (علاقائی نمائندوں سے) جڑانوالہ میں دوسری جماعت کے ننھے طالب علم کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ نواں کوٹ اور کوٹ رادھا کشن میں مدرسے کے 2 طالب علموں کو اساتذہ نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق نواں کوٹ سکندریہ کالونی کا رہائشی 10سالہ بچہ مقامی مدرسے میں زیرتعلیم تھا۔ جہاں ملزم قاری تنویر حسین نے بچے کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔ شور پر ملزم نے بچے کو چھوڑ دیا۔ متاثرہ بچے کے والد کی رپورٹ پولیس نے مقدمہ درج ، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جڑانوالہ ٹیوشن کے لئے جانے والے ننھے طالب علم کو اغوا کے بعد اوباشوں نے زیادتی کر کے قتل کر ڈالا۔ تھانہ صدر کے نواحی گاؤں چک نمبر 649 گ ب کی رہائشی نے پولیس کو دی گئی اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کا 7 سالہ دوسری جماعت کا طالب علم دوپہر کو ٹیوشن کے لئے گیا۔ فصل کماد سے بچے کی نعش برآمد ہوئی۔ میڈیکل رپورٹ میں بچے سے زیادتی‘ گلا دبا کر قتل کئے جانے کے حقائق سامنے آئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ میں ملوث دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ جنہوں نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ تفتیش جاری ہے۔ کوٹ رادھا کشن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محلہ کوٹ مینیاں کے رہائشی بارہ سالہ لڑکے سے بگھیاڑ روڈ پر واقع مدرسہ کے معلم محمد آصف نے ڈرا دھمکا کر متعدد بار زیادتی کی۔ پولیس نے بچے کے ماموں کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ کینٹ کے علاقہ میں 26 سالہ خاتون کے ساتھ تین اوباش لڑکوں نے مبینہ اجتماعی زیادتی کی ہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان میری ویڈیو بناتے رہے۔ ایس پی سول لائن کا کہنا ہے مقدمہ میں شامل ملزمان طارق‘ سمسون‘ واجد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی رہائشی نے پولیس تھانہ بی ڈویژن قصور میں درخواست دی ہے کہ میں اپنے ساتھی شہزاد کے ساتھ رسول پورہ آئی اور وہ مجھے احمد عرف مایا کی حویلی میں لے گیا۔ حویلی میں ملزم عدنان اور اس کے ساتھی میرے دوست شہزاد سے دست و گریبان ہو گئے اور عدنان نے مجھے زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ جبکہ دیگر ساتھی عظیم اور اعظم دونوں مجھے زدوکوب کرتے اور زیادتی کی کوشش کرتے رہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ مانگٹانوالہ کی پولیس چوکی موڑ کھنڈا کے نواحی گاؤں کی 13 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا 45 سالہ ملزم منیر احمد 2 گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا۔