محکمہ جنگلات کاشکاریوں کی غیر قانونی پناہ گاہوں کیخلاف گرینڈ آپریشن
لاہور(نیوزرپورٹر)سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے سرکاری جنگلوں میں طویل عرصہ سے قائم شکاریوں کی غیر قانونی پناہ گاہوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شیلٹرز، کمرے، کنٹینرز مسمار کر دئیے۔ گرینڈ آپریشن خانپور رکھ اور مظفر گڑھ کے 11 مقامات پر کیا گیا جہاں 22 سے زائد کمرے اور شیلٹرز مسمار کئے گئے۔ یہ کمرے اور شیلٹرز مقامی بااثر افراد نے گذشتہ 10 سال سے سرکاری جنگلوں میں زبردستی بنا رکھے تھے۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کا کہنا ہے کہ سرکاری جنگلوں سے شکاریوں کی غیر قانونی آماجگاہیں ختم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام سے جہاں موسمی شکاریوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، وہیں جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانے اور غیر قانونی شکار روکنے میں بھی معاونت ملے گی۔غیر قانونی پناہ گاہوں کا خاتمہ وائلڈ لائف کے تحفظ کا سبب بنے گا۔ شاہد زمان نے کہا ہے کہ پنجاب کے دیگر اضلاع کے جنگلات میں بھی آپریشن کر کے غیر قانونی شکار گاہوں کو ختم کیا جائے گا۔ وزیر جنگلات سبطین خان نے سیکرٹری جنگلات شاہد زمان اور مظفر گڑھ فاریسٹ ڈویڑن کو غیر قانونی پناہ گاہوں کے خلاف کامیاب گرینڈ آپریشن پر مبارکباد دی اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے پنجاب کے تمام جنگلات تک وسیع کرنے کے احکامات بھی دئیے ہیں۔