تبدیلی سرکار 3 سال سے بندگلی میں ہے:عادل بخش چٹھہ ،حمزہ شہباز سے ملاقات
گو جرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری عادل بخش چٹھہ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار پچھلے 3 سال سے بندگلی میں ہے۔ ملک کودرپیش انتظامی ومعاشی بحران ختم کرنا اناڑیوں کے بس کی بات نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا‘انہوںنے کہاکہ حکومت کی حالیہ قانون سازی کیساتھ عام آدمی کوکسی قسم کاکوئی سروکار نہیں ۔پی ٹی آئی حکومت کاہرنام نہادآئینی اقدام محض اپنے اقتدار کے دوام کیلئے ہے‘حکمرانوں کی بدنیتی اوربدانتظامی نے ہمارے محبوب وطن پاکستان کو بحرانوں کی سرزمین بنادیا ۔یقینا حکمران طبقہ خودکوجوابدہ نہیں سمجھتاورنہ عوام مافیاز کے رحم وکرم پرنہ ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں جمہوریت فعال ہوتی توعوام بدحال اوراقتدار کے ایوانوں میں آمرانہ فیصلے نہ ہوتے ۔ آخر میں انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہوشربا مہنگائی کاطوفا ن تودوسری طرف گیس بحران دستک دے رہا ہے۔ بیچارے عوام کس سے فریادکریں ، بنیادی حقوق کیلئے کس کادروازہ کھٹکھٹائیں، انہیں ان کی دہلیز پرسہولیات اورخاطرخواہ ریلیف کون دے گا۔