کھلی کچہری کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد قائم کرنا ہے:محمد احسن یونس
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد احسن یونس نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کا پولیس پر اعتماد قائم کرنا ہے۔ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ تھانہ کلچر کی تبدیلی اور ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ کھلی کچہری میں خواتین سمیت34 شہریوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ معروف قومی شاعر حبیب جالب مرحوم کی بیٹی طاہرہ جالب بھی ڈی آئی جی آپریشنز کے روبرو پیش ہوئیں۔انہوں نے قوت سماعت و گویائی سے محروم خاندان نے مکان پر قبضے بارے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔احسن یونس نے طاہرہ جالب کی درخواست پر متعلقہ افسر کو قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔احسن یونس نے لواحقین کو اپنی سکواڈ کی گاڑی میں ایس ایچ اومغلپورہ کے پاس بھیجتے ہوئے 4 گھنٹوں میں معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی۔چھٹی کیلئے 12 جبکہ ویلفیئر کے لئے3پولیس اہلکاربھی پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس افسران واہلکاروں کی درخواستوں پردادرسی کے احکامات صادر کئے۔