قائمہ کمیٹی میں نیب ترامیمی بل پر ووٹنگ نہ کرانے پر اپوزیشن سراپا احتجاج
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں نیب دوسر ے اور تیسر ے ترامیمی بل پر ووٹنگ نہ کرانے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ آج کمیٹی میں اپوزیشن کے تمام ارکان موجود تھے جبکہ حکومتی ارکان کم تھے اس لیے کمیٹی نے ووٹنگ نہیں کرائی۔ نیب ترامیمی بل سے حکومت اپنے آپ کو این آر او دینا چاہتی ہے، بل کوکمیٹی سے مسترد کریں گے ہماری ارکان کی تعداد زیادہ ہے،حکومت سنجیدہ ہے تو آرڈیننس واپس لے اور تب حکومت کے ساتھ بات کریں گے۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ اپوزیشن نیب قانون میں ترامیم کا یہ موقع ضائع نہ کریں۔ ماضی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے موقع ضائع کیا تو اس کو بھگتا بھی ہے، اپوزیشن جو ترامیم لانا چاہتی ہے ہم قبول کرنے کو تیار ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ نیب ترمیمی بلز پر کمیٹی میں اتفاق رائے پید اکرکے پاس کریں گے، کمیٹی نے بلوں کے محرکوں کے کمیٹی میں غیرحاضری پر نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ نہ آنے پر بل مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔