• news

بھارتی ہیکنگ تنظیم پاکستان‘ چین کیخلاف سائبر حملوں میں ملوث  

بیجنگ (اے پی پی) چین کی سائبر سکیورٹی کمپنی نے ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والی بھارتی  ہیکنگ تنظیم کے چین اور پاکستان کے خلاف سائبر حملوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت علاقائی سائبر سکیورٹی کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے۔ سائبر سپیس انٹرنیشنل گورننس ریسرچ سینٹر  نے کہا ہے کہ اس نے بھارت میں ایک ریاستی سطح کی ہیکنگ تنظیم  کا پتا چلایا ہے جو چین اور پاکستان کے خلاف سائبر حملے کر رہی ہے۔ اس کا واضح مقصد حساس فوجی اداروں کو نشانہ بنانا ہے۔ سائبر سپیس انٹرنیشنل گورننس ریسرچ سینٹر کے سیکرٹری جنرل اور شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل سٹڈیز کے سینئر ریسرچ فیلو لیو چوانینگ نے چینی فوج کی ویب سائٹ چائنا ملٹری آن لائن میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں کہا کہ کمپنی نے طویل عرصے سے آن لائن ٹریکنگ کی بنیاد پر  معلوم کیا ہے۔  یہ ہیکنگ تنظیم جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ فعال اور مہارت و تجربہ رکھنے والی ہیکنگ تنظیموں میں سے ایک  بن گئی  ہے۔ بھارت کی ہیکنگ تنظیموں کی طرف سے پڑوسی ممالک کے خلاف شروع کیے گئے بے تحاشہ سائبر حملوں نے علاقائی سلامتی اور استحکام پر سنگین منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور مستقبل میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اورBRICS جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے سائبر سکیورٹی تعاون میں بڑی رکاوٹیں پیدا کریں گی۔ بھارت کے اپنے پڑوسی ممالک کے خلاف آن لائن حملے غیرقانونی ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت سے فوری طور پر سائبر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرے۔ بھارت سائبر جمہوریت کا ملک ہونے کا دعوی کرتا ہے اور سائبر سکیورٹی میں امریکا کے اشاروں پر عمل کر رہا  ہے۔

ای پیپر-دی نیشن