نیب دبائو ، دھمکی، پراپیگنڈا کے با و جود بد عنوانی کیخلاف بر سر پیکار رہیگا: جاوید اقبال
لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ر جاوید اقبال نے میگا کرپشن کے مقدمات، بالخصوص ہاؤسنگ سیکٹر کے کیسز جن میں آشیانہ اقبال کیس، پیراگون سٹی کیس، ایڈن ہاؤسنگ سکینڈل، پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کیسز میں ہونیوالی پیش رفت کے علاوہ نیب لاہور کی جانب سے احتساب عدالتوں میں دائر کردہ ریفرنسز جن میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز وغیرہ کیخلاف ٹی ٹی سکینڈل کیخلاف ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر اب تک کی کارروائی کا جائزہ لینے کیلئے گذشتہ روز نیب لاہور آفس کا انتہائی اہم دورہ کیا۔ 4 سالہ دور میں ہونے والی ڈائریکٹ و ان ڈائریکٹ ریکوری کی مکمل تفصیلات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ 22 مقدمات میں لگ بھگ 10ارب کی براہ راست (ڈائریکٹ) ریکوری جبکہ 23دیگر مقدمات میں 78 ارب کی بالواسطہ (ان ڈائریکٹ) ریکوری کی گئی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب اپنے تمام اقدمات صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کسی دباؤ، دھمکی اور مذموم پراپیگنڈا کو خاطر میں لائے بغیر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ نیب ریاست پاکستان اور پاکستانی عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔