علامہ اقبال نے مسلمانوں کو خود داری کا راستہ دکھایا : ذوالفقار احمد چیمہ
لاہور(سٹاف رپورٹر)سابق آئی جی اورچیئرمین علامہ اقبال کونسل ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو خود داری، خود مختاری اور خودانحصاری کا راستہ دکھایا مگر مسلمان حکمرانوں نے غلامانہ سوچ اپنا لی اور وہ محکومی اور محتاجی کے راستے پر چل پڑے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے فیصل آڈیٹویم میں طلبا ء اور اساتذہ سے خطاب کر رہے تھے۔ذوالفقار چیمہ نے کہا علامہ اقبال یورپ کی علم دوستی کے معترف تھے مگر اْنہوں نے مغربی تہذیب کے تاریک پہلو وں کو بڑی جْرت اور دلائل کے ساتھ بے نقاب کیا۔ اقبال نے نوجوانوں کو اپنے اندر پختہ یقین، بْلند عزائم،جرتمندی اور حق گوئی پیدا کرنے کا درس دیا۔اقبال مسلمانوں کی علم و تحقیق سے دوری پر بہت دل گرفتہ ہوتے تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ جب تک تحصیلِ علم مسلمانوں کی ترجیح اوّل رہا وہ سْپر پاور رہے۔ جب انہوں نے علم سے ناطہ توڑ لیا تو وہ زوال کی گہری کھائی میں جا گرے۔ اْنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو کامل یقین تھا کہ مسلمانوں کی نجات کا ذریعہ اسلامی اقدار کے حیاء میں ہے۔