• news

سعودی عرب نے براہ راست پروازوں کی اجازت دیدی،3ارب ڈالر اسی ہفتے مل جا ئینگے: فواد چودھری

جدہ، مکہ مکرمہ، اسلام آباد (امیر محمد خان، ممتاز احمد بڈانی، خبر نگار خصوصی، خبر نگار) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قوم کو آج تین اچھی خبریں ملی ہیں۔  اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا اور سعودی عرب سے تین ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے ہوگئے ہیں اور یہ فنڈز اسی ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔ علاوہ ازیں فاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی مسافروں پر دوسرے ملک میں 14 دن قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی گئی۔ اعلان کے مطابق  پاکستانی مسافروں کو سعودی عرب میں داخلے کے بعد 5 دن ادارتی قرنطینہ کرنا ہو گا۔ وفاقی مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستانی زائرین کیلئے عمرہ بحالی کی راہ ہموار ہو گئی۔ پابندی پر خاتمے کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا۔ سائنو فام اور سائنو ویک ویکسین کے حامل افراد کو منظور شدہ ویکسین کی بوسٹر شاٹ لگوانا ہو گی۔ عمرہ زائرین کیلئے 5 دن ادارتی قرنطینہ کی پابندی ختم کرانے کی کوشش کرینگے۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں شامل ممالک میں پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست سعودی عرب آنے کی اجازت دے دی گئی۔ پاکستان، انڈیا، انڈونیشیا، برازیل، مصر اور ویتنام سے آنے والوں کو اب کسی دوسرے ملک میں 14 دن قیام کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور وہ براہ راست سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے نوائے وقت کو بتایا کہ پہلی دسمبر 2021ء سے سعودی عرب نے پاکستان سے فضائی سفر کی معمول کے مطابق اجازت دے دی ہے۔ پاکستانی مسافروں کو اب صرف 5 دن قرطینہ کرنا ہو گا۔ مزید برآں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ گزشتہ الیکشن میں 87 ارب روپے خرچ ہوئے۔ ڈھائی لاکھ پولنگ بوتھ کیلئے 22 لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی ضرورت ہے۔ ایک بار مشین خریدنے پر خرچہ آئے گا۔ مشینوں کیلئے گزشتہ الیکشن سے زیادہ خرچ نہیں ہو گا۔ اوورسیز پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن