جنرل ندیم رضا کی بحرینی ملٹری‘ سول قیادت سے ملاقاتیں‘ دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بحرین کا سرکاری دورہ کیا۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ، شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد، نائب سپریم کمانڈر اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سمیت اعلیٰ سول ملٹری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جیو سٹریٹیجک صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے خطے کے امن و سلامتی کے لیے کام کرنے کا عزم کیا۔ معززین نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے معززین نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک کلیدی ستون اور طاقت ہے۔ قبل ازیں جنرل ندیم رضا نے فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کمانڈر ان چیف، بحرین ڈیفنس فورسز اور جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ جنرل ندیم رضا نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے د ائرہ کار کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔