• news

عمران نے ہر پاکستانی کی زندگی اجیرن کر دی : بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے بعد حکومتی نااہلی سے ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے۔ امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات کے معاملے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں آج پورا ملک پریشان ہے، ملک بھر میں بیشتر پٹرول پمپس بند ہیں، اکثر پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، کاروباری امور متاثر ہیں، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت حل ہونے والے مسائل کو بھی اپنی نااہلی سے بحران بنا دیتی ہے۔ عوام پہلے ہی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول خرید رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلا اضافہ تباہ کن ہوگا۔ لوڈشیڈنگ کے ساتھ مہنگی بجلی اور قلت کے ساتھ مہنگا پٹرول اور گیس پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں۔ پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی بجٹ کو ناکام کہا۔ آج بجٹ کے ثمرات سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان ایک نااہل حکمران ہیں۔بلاول بھٹو سے پاک افغان امور پر برطانوی وزیراعظم کے نمائندے نے ملاقات کی۔ برطانوی ڈپٹی کمشنر بھی شریک تھے۔ باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کا تسلسل جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن