اٹلی کے سیکرٹری دفاع کی ملاقات : پاکستان کا امن افغانستان سے جڑا ہے: جنرل باجوہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان سے جڑا ہے۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے جمعرات کو اٹلی کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع نے ملاقات کی جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت افغانستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے افغانستان کو امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ پرامن اور خوشحال افغانستان کے لیے کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان خطے اور عالمی امور میں اٹلی کے کردار کو سراہتا ہے۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی حمایت سے صوبے میں استحکام آیا اور ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت ممکن ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 8ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔ یہ ورکشاپ یکم سے 27 نومبر تک کوئٹہ میں جاری رہے گی، جس میں مختلف شعبوں اور طبقات سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے میں قوم کی قربانیوں کو یاد رکھا جاتا ہے،محنت سے حاصل ہونے والے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی حمایت سے صوبے میں استحکام آیا اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیشرفت ممکن ہوئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کا امن خراب کرنے والی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے، عوام دشمنوں کے عزائم کو ہم آہنگی، جامع حکمت عملی سے ناکام بنا رہے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ درپیش اندرونی وبیرونی چیلنجز جامع قومی ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں، ویسٹرن زون کے مؤثر انتظام سے پاکستان افغان بحران سے محفوظ رہا، ہم اپنی سرحداورداخلی سلامتی کویقینی بناتے رہیں گے کیونکہ سرحد اور داخلی سلامتی قومی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔