• news

دوحہ: افغان وزیر پٹرولیم سے ملاقات، مسلمان ممالک طالبان حکومت تسلیم کریں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغانستان کے وزیر پٹرولیم اور مذکراتی ٹیم کے رکن ملا شہاب الدین دلاور سے ملاقات کی ہے۔ افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم اورجماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ افغانستان میں امن ہو اور ملک افغان عوام کی مرضی کے مطابق آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا افغانستان وجود میں آئے جس کی  خاطر لاکھوں افغان عوام نے قربانیاں دیں۔ صعوبتیں اور مشکلات برداشت کیں۔ امیر جماعت نے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل باہمی اتفاق و محبت میں ہے۔ افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو خوراک کی ضرورت ہے اور وہ نامساعد حالات کی وجہ سے مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ جنگ زدہ ملک میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے عالمی طاقتوں اور مسلمان ممالک کو خصوصی طور پر افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔ مسلمان ممالک افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کریں۔ ملا شہاب الدین نے کہا پاکستان اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ امیر جماعت پانچ روزہ دورہ پر قطر میں ہیں جہاں ان کی مسلم دنیا کے نامور علما، تنظیموں اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ سراج الحق  27نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن