• news

ہمارے پڑوسی تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے شیخ رشید

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا آج کرائم کو زیادہ کوریج مل رہی ہے۔ جرائم پیشہ افراد ہائی ٹیک ہو گئے ہیں۔ اب لوگوں کے جیب میں دو دو کیمرے ہیں۔ لوگ پولیس والے سے لڑ رہے ہوں تو ویڈیوز وائرل ہو جاتی ہے۔ پولیس سے بدتمیزی کرنے والے کو موقع پر ہتھکڑیاں لگنی چاہئیں، ہر مسئلے کا حل لوگ پولیس سے چاہتے ہیں۔ اب چیلنجز زیادہ ہو گئے ہیں۔ پولیس افسر عوام کے ساتھ مل جائے تو معاملات بہتر طریقے سے حل ہو جائیں گے۔ آپ کو وہ سہولت اور تنخواہ نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی۔ اس وقت پولیس کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہو گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے آپ کو 30 ایکڑ کی جو اراضی دی ہے اسی ہفتے اس کا فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی 47 ویں اے ایس پیز پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں پریڈ گرائونڈ آمد پر انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاسنگ آئوٹ پریڈ کی سلامی لی۔ کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اے ایس پیز میں انعامات تقسیم کئے۔ قبل ازیں پریڈ میں آمد پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اے ڈی خواجہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزراء اعظم سواتی، زرتاج گل، آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن سمیت سفارتکاروں، سینئر پولیس افسروں اور پاس آئوٹ ہونے والے اے ایس پیز کے عزیزواقارب شریک تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا  ہائی ٹیک، سائبر کرائم کی اے ایس پی کو ٹریننگ دینے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ملک دشمن عناصر پاکستان میں تخریب کاری کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، 78کالعدم تنظیمیں ہمارے پاس رجسٹرڈ ہیں۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن