• news

بچوں کی فحش ویڈیو ز ، تصا ویر سو شل میڈیا پر پھیلانا معا شرہ کھو کھلا کرنے جیسا جرم: سپریم کورٹ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے بچوں کی فحش تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے ملزم عمر خان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔ عدالت عظمیٰ نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ تین صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے تحریر کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی فحش ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنے جیسا سنگین جرم ہے، نامزد ملزم نے اپنے موبائل فون سے فیس بک پر چائلڈ پونوگرافی مواد شیئر کیا، فیس بک انتظامیہ بھی چائلڈ پونوگرافی مواد کی تشہیر روکنے کیلئے سرگرم ہے، فیس بک انتظامیہ نے خود ایف آئی اے سے رابطہ کرکے ملزم کیخلاف معلومات فراہم کیں، چائلڈ پونوگرافی معاشرے میں سماجی برائی کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے، چائلڈ پونوگرافی سے معاشرہ تباہ ہو رہا ہے، چائلڈ پونوگرافی اخلاقیات کے ساتھ بچوں کے مستقبل کیلئے بڑا خطرہ ہے، بچوں سے جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی ایک وجہ چائلڈ پونوگرافی بھی ہے، بچوں سے جنسی زیادتی اور استحصال کے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے۔ ملزم نے اب تک کتنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلائیں یہ تعین ہونا ابھی باقی ہے، سوشل میڈیا پر چائلڈ پورنوگرافی مواد پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنے کے جرم جیسا ہے، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ٹرائل جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن