کرپشن سمیت سنگین جرائم میں مطلوب برطانیہ فرار ملزموں کے ویزے منسوخ کرنے کیلئے مشاورت
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے کرپشن سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب برطانیہ فرار ہوکر سیاسی پناہ کے حصول کے لئے کوشاں پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرانے کے لئے مشاورت شروع کر دی۔ دوسری جانب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاہدے کے لئے آٹھ سال قبل شروع کی گئی بات چیت میں اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ نہ ہونے کے باعث اہم مقدمات میں پاکستان کو مطلوب الطاف حسین، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز سمیت درجنوں ملزمان برطانیہ میں مقیم ہیں جبکہ فراڈ اور قتل سمیت دیگر جرائم کے کچھ ملزمان برطانیہ کو بھی مطلوب ہیں جو پاکستان میں مقیم ہیں۔