مغلپورہ : ڈور پھرنے سے نو جوان ہلاک ، پتنگ فروشوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم
لاہور، فیروز والہ (نامہ نگاران) مغلپورہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار 19سالہ نوجوان گلے پر کٹی پتنگ کی دوڑ پھرنے سے ہلاک ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مغلپورہ کے علاقے شالیمار لنک روڈ پر مشتاق کالونی کا رہائشی 19سالہ اسد ڈیوٹی سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر سوار گھرآ رہا تھا کہ اچانک کٹی پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی۔ جس کے نتیجے میں شہ رگ کٹ گئی اور اسد تڑپ تڑپ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے نعش تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ لاش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ اسد کے بوڑھے والد نثار خان رشتہ داروں کے گلے لگ لگ کر روتے اور سوال پوچھتے رہے کہ میں اپنے لخت جگر کا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کروں۔ محلے داروں نے کہا کہ حکومت مئوثر قانون سازی کیوں نہیں کرتی۔ متوفی اسد نے ڈی اے ای ڈپلومہ کیا تھا اور گلبرگ میں ایک سینما میں ملازمت کرتا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسد کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات پر زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے۔ لاہور میں ڈور پھرنے سے شہری کی ہلاکت کے معاملے پر آئی جی پنجاب نے پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیدیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں پتنگ فروشوں کے خلاف آپریشن کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی پر فیلڈ افسران کے ساتھ سپروائزری افسران کو بھی جواب دینا ہو گا۔اے پی پی کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز کو ہدات کی ہے صوبہ بھر میں پتنگ اور دھارتی ڈور کی تیاری، استعمال اور خریدوفروخت میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے جائیں جن کی کارروائیوں کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔