گیس بحران کے خاتمے کیلئے پاک ایران منصوبہ شروع کیا جائے، سبطین حیدر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ملک میں جاری گیس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو شروع کیا جائے تاکہ ملک ناقابل برداشت گیس بحران سے نجات حاصل کرسکے۔ایران اپنے علاقے میںگیس پائپ لائن بچھا چکا ہے اور پاکستان کو اپنی سرزمین پر لائن بچھانے کے لئے قرض دینے پربھی تیار ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی اور امریکہ کا خوف قومی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ہے۔جامعتہ النجف میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں شروع کئے گئے گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کے باوجود بعد میں برسر اقتدار آنے والی مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے امریکہ سے خوفزدہ ہوکرقومی اہمیت کے منصوبے پر کوئی کام نہیں کیا اور مہنگی ایل این جی خریدی جس کا آج نہ صرف ملک و قوم کو نقصان ہوا بلکہ عوام بھی در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔