تھلی جیت ریلی زین محمود نے جیت لی ‘ویمنز ٹائٹل تشنا پٹیل کے نام
ملتان ٗ چوک اعظم ٗ مظفر گڑھ ( جنرل رپورٹر +نمائندہ نواے وقت)چھٹی تھل جیپ ریلی زین محمود نے جیت لی ، دفاعی چیمپئن صاحبزادہ سلطان ٹائٹل کا دفاع نہ کر سکے ، خواتین کٹیگری میں تشنا پٹیل نے ٹرافی اپنے نام کر لی۔ زین محمود نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 8 منٹ اور 39 سیکنڈز میں طے کر کے میدان مار لیا جبکہ دفاعی چیمپئن صاحبزداہ سلطان تین منٹ 38 سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ نادر مگسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔جیپ ریلی کی خواتین کٹیگری میں تشنا پٹیل نے کم وقت میں فاصلہ طے کر کے میدان مار لیا۔ سابق چیمپئن نادر مگسی نے فاصلہ دو گھنٹے 14 منٹ 36 سیکنڈ میں طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری پیئرڈ کی بی کیٹیگری میں اسد خان شادی خیل نے مقررہ کردہ فاصلہ2 گھنٹے 23منٹ 38 سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔سعود مجید نے 2 گھنٹے 25 منٹ 57 میں فاصلہ طے کرکے دوسری جبکہ نعمان سرانجام نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 26منٹ 38 سیکنڈ میں طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری پیئرڈ سی کیٹگری میں ظہیر حسین شاہ نے اول محمد عثمان اقبال دوم جبکہ محمود مجید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری پیئرڈ ڈی کیٹگری میں ظفر خان بلوچ نے اول عمر اقبال کانجو نے دوئم جبکہ بیورگ مزاری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی پری پیئرڈ کیٹگری میں تشنہ پٹیل نے پہلی جبکہ ماہم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سٹاک گاڑیوں کی اے کیٹیگری میں یاسر احمد نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 25منٹ میں طے کرکے پہلی عقیل احمد نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 28منٹ میں طے کرکے دوسری جبکہ بیبرک بلوچ نے 195 کیلو میٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 30منٹ میں طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سٹاک گاڑیوں کی بی کیٹگری میں سلطان بہادر عزیز نے اول بسم اللہ مگسی نے دوم جبکہ عفنان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سٹاک سی کیٹیگری میں زبیر حیات نے پہلی راشد عبداللہ نے دوسری جبکہ منیم جھنڈیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سٹاک ڈی کیٹگری میں تاج خان مہر نے پہلی فلک شیر بلوچ نے دوسری جبکہ شاہ گل مزاری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی سٹاک کیٹگری میں پلوشہ حیات خان نے پہلی ندا واسطی نے دوسری جبکہ دینہ پٹیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تین روزہ لیہ تھل میلہ و جیپ ریلی کی خوبصورت و یادگارتقریبات آخری روز کے ڈوبتے سورج کیساتھ ختم پذیر ہوگئی ۔ تحصیل چوبارہ میں تین روزہ جنگل میں منگل کے سماں کے بعد صحرائے تھل اداس۔لیہ تھل میلہ و جیپ ریلی نے ریت کے ٹیلوں پراپنی رنگارنگ تقریبات کے ذریعے شہریوں کو تفریح طبع کاماحول فراہم کیے رکھا۔لیہ تھل میلہ میں ہمہ قسمی پروگرامز پرچم کشائی ،مارچ پاسٹ،سٹیج شو،ثقافتی شو،والی بال،رسہ کشی،کبڈی میچ،نیزہ بازی ،جھومر،میوزیکل نائٹ ودیگر پروگرامزپیش کیے گئے۔آنیوالے شائقین کیلئے فوڈسٹریٹ ،پارکنگ ،ودیگر سہولیات کا اہتمام کیاگیاتھا۔لیہ تھل میلہ کے آخری روز حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور سٹال منتظمین میں انعامات تقسیم کرنے کیلئے پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔تقریب میں ایم این اے عبدالمجید خان نیازی،معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب سیدرفاقت علی گیلانی،صوبا ئی پا رلیما نی سیکرٹری زراعت محمد طا ہر رندھاوا،ڈپٹی کمشنر اظفر ضیائ،ڈی پی او سید علی رضا،اسسٹنٹ کمشنرچوبارہ محمداویس مانگٹ ،چیئرمین ایم سی فتح پور اظہار حسین کاہلوں، چیئرمین ضلع کونسل لیہ ملک عمرعلی اولکھ،پی ٹی آئی رہنما بشارت رندھاوا،،سرکاری افسران ،ملازمین اور شائقین موجود تھے۔تقریب میں مہمانوں ،منتظمین کو شیلڈ اور انعامات دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے تین روزہ تقریبات میں ریسکیو1122،ایم سی،پولیس،سول ڈیفنس ودیگر تمام معاونت کرنیوالے محکموں کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے شاباش دی۔