مناواں میں مبینہ پولیس مقابلہ، زیر حراست ملزم ہلاک
لاہور (نامہ نگار) مناواں میں مبینہ پولیس مقابلہ زیرحراست ملزم ہلاک ہوگیا ہے۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو بلال کو ساتھیوں کی نشاندہی اور گرفتاری کے لئے مناواں لے کر گئے۔ جہاں اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جبکہ زیرحراست ملزم بلال اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔ ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزم بلال کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ 33 سالہ بلال تھانہ ہیئر سمیت دیگر تھانوں میں ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ہونے پر گرفتار تھا۔