حافظ آباد: موٹر وے پر 5 گاڑیوں کی ٹکر‘ ایک شخص جاں بحق‘ 15 زخمی
حافظ آباد + پنڈی بھٹیاں (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) حافظ آباد میں کھترانی کے قریب موٹر وے پر سموگ اور دھند کے باعث آگے پیچھے جاتی 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق محمد عثمان ڈمپر کو لاہور سے اسلام آباد لیجا رہا تھا کہ سموگ کے باعث پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے اسے ٹکر ماری۔ اس نے ڈمپر کھڑا کیا تو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار مسافر بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجہ میں بس کا ڈرائیور محمد رمضان موقع پر جاں بحق جبکہ دیگر 15 افراد شاہد‘ صوبیہ‘ امین مسیح‘ عثمان‘ غلام مصطفیٰ وغیرہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔