• news

امت احکامات خداوندی پر عمل پیرا ہوکر متحد ہوجائے،نقیب الرحمن


راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) حضور نبی کریمؐ کے میلاد ِ پاک کی محفل کا انعقاد سرگودھا روڈ فیصل آباد کے مقام پر کیا گیا، صدارت عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور اس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رب رحمان کا حکم مانتے ہوئے آپس کی تمام نفرتیں بھلا کر ایک ہو جائیں ، اسی میں امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور بقاء ہے،پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ ہمارے آقا و مولاؐ خالق اور مخلوق کا تعلق آپس میں جوڑنے والے ہیں ۔ آپ ؐ کی ذات بابرکات اور در دولت امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کا مرکز و مقام ہے ۔ محسن ِ اعظم ِ انسانیت ؐ کے در اقدس سے جمیع عالمان و مخلوقات فیض یاب ہیں اور قیامت تک یہ سلسلہ ایسے ہی جاری و ساری رہے گا اور اسی شخص کا مقدر قابل رشک رہے گا جو غلامی مصطفی ؐ کا تاج اپنے سر پہ سجائے رکھے گا۔ امت مسلمہ کے پاس دین و دنیا میں کامیا بی کے اتبا ع رسول مقبولؐ کے سوا کے کوئی رستہ نہیں ہے ۔ جتنا ہم شریعت مطہرہ پر عمل کر یں گے  اتنا ہی ہمارہمارا سفر اپنے دائمی ٹھکانے کی جانب اور ہمیشہ کی زندگی کی طرف آسان سے آسان ہوتا چلا جائے گا۔ محافل میلاد مصطفیؐ  و محافل نعت پاک وہ عظیم محافل ہیں جن میں گزرا ایک ایک لمحہ ہمارا اثاثہ و سرمایہ ہیں۔ اور یہی عظیم محافل امت مسلمہ کہ آپس میں اتحاد و اتفاق عطا کر نے والی ، ہر قسم کی خیر و خوبی ، خیر سگالی ، اخوت ، احترام انسانیت اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آنے کے اچھے جذبات کو فروغ دینے والی ہیں ۔ خواہ انبیا و مرسلین ہوں یا اولیاء ، اتقیاء  اور صلحائے امت ہوں جس کسی کی قسمت کے ستار ے بھی چمکے ہوں تو اتباع رسول مقبولؐ کی بدولت ہی چمکے ، محفل میں کثیر تعداد میں علماء کرام ، نعت خوانان عظام ، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے مہلک کرونا وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا پر ہوا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن