• news

گوجرانوالہ، فیروز والا سمیت کئی شہروں میں چھاپے، ہزاروں بوری کھاد برآمد، 7 گرفتار


گوجرانوالہ، ساہیوال، فیروز والا، ملتان، وہاڑی، خانیوال، کہروڑ پکا (نامہ نگاران) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں، وزیرآباد اور کامونکی میں ذخیرہ کی گئی کھاد کی 6000 سے زائد بوریاں تحویل میں لے لی گئیں۔گودام سیل، 12 مقدمات درج، کھاد 1768 روپے کے سرکاری ریٹ پر کسانوں کو فروخت کی گئی۔ ڈاکٹر انعم فاطمہ نے محکمہ زراعت کی ٹیم کے ہمراہ 3500 بوریاں برآمد کرکے گودام سیل، گاڑی بند کردی اور 10 مقدمات درج کروائے۔لدھے والا وڑائچ میں 1000 بوری بھی کسانوں کو کنٹرول ریٹ پر فروخت کی گئی۔ کامران حسین کی کارروائی، 1200 بوری کھاد سے بھرا ٹریلر تحویل میں لے لیا گیا۔ رانا امجد نے متعدد گودام کو سٹاک ڈکلیئر نہ کرنے پر سیل کرکے 2000 بوریاں قبضہ میں لے لیں جو کسانوں میں کنٹرول ریٹ پر فروخت کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر رانا محمد شکیل اسلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت نے ٹیم کے ہمراہ جی ٹی روڈ اور کوٹ پنڈی داس میں کھاد کی دکانوں پرسرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر چار دکانیں سیل کردیں جبکہ بعض دکانداروں کو جرمانے بھی کئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر انتظامیہ نے کھاد مافیا کیخلاف کریک ڈائون کرکے 5 افراد گرفتار کرکے 8 دکانیں سیل کردیں جبکہ ایک ڈیلر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اے سی سرمد حسن نے نرخنامہ آویزاں نہ کرنے پر ڈیلر کو 30 ہزار جرمانہ کردیا۔ اے سی عثمان حسن نے 90 موڑمیں ڈیلر کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کرکے دکان سیل کردی۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے کہا ہے کہ یوریا کھاد کی 1768 روپے فی بوری کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اے ڈی سی آر طیب خان، ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیاقت علی گوندل کے ہمراہ یوریا کھاد کا سٹاک اور سپلائی چیک کرنے کیلئے ضلع کے بڑے کھاد گودام اور سیل پوائنٹس چیک کئے۔ وہاڑی سے خبر نگارکے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے پپلی اڈا، ٹھینگی، گڑھا موڑ، ٹبہ سلطان پور اور اڈا غلام حسین کا وزٹ کیا اور کھاد کی قیمتیں،  تقسیم اور گودام چیک کئے ۔نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے کھاد ڈیلرز اورر گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں دو روز میں 406 چھاپے مارے گئے ذخیرہ اندوزی اور مہنگی کھاد فروخت کرنے پر 4لاکھ 18ہزار روپے جرمانے، 2 ایف آئی آردرج اور 2 گرفتاریاں کی گئیں اور ذخیرہ شدہ 679  یوریا کھاد کی بوریوں میں سے 368 کھاد بوریاں کنٹرول ریٹ پر کسانوں کو فروخت کی گئیں۔خانیوال سے خبرنگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر بختیار اسماعیل, ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت،  رانا مقصود احمد اور خانیوال اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر منظور احمد گل نے کھاد ڈیلرز کے پاس یوریا کھاد کی آمد اور سیل ریکارڈ کا معائنہ کیا۔کہروڑپکا سے خبر نگارکے مطابق اسسٹنٹ کمشنرکہروڑپکا نعیم بشیر نے زراعت آفیسر راشد سہو کے ہمراہ کھاد کے دو گودام سیل اور ڈیڑھ لاکھ جرمانہ کرکے 450 بوریاں کھاد قبضے میں لے لیں اور کسانوں اور کاشتکاروں کو حکومتی نرخوں پر یوریا اور ڈی اے پی کی فراہمی یقینی بنائی۔

ای پیپر-دی نیشن