افغانستان میں بگڑتی انسانی صورتحال سعودی عرب نے او آئی سی کا اجلاس 17 دسمبر کو پاکستان میں طلب کر لیا
مکہ مکرمہ، اسلام آباد (ممتاز بڈانی+ خصوصی نامہ نگار) سعودی عرب نے او آئی سی کے سربراہ کی حیثیت سے افغانستان کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر بحث کیلئے 17 دسمبر کو پاکستان میں خصوصی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر لکھا ہنگامی اجلاس کی حمایت او آئی سی اجلاس کی 17 دسمبر کو پاکستان میں میزبانی کی پیشکش کرتے ہیں۔ پاکستان نے افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کیلئے اجلاس کی درخواست کی تھی۔ افغان عوام خطرناک انسانی بحران سے دوچار ہو رہے ہیں۔ لاکھوں افغانیوں کو جن میں بوڑھے، خواتین اور بچے شامل ہیں ہنگامی بنیادوں پر خوراک، دوا اور رہائش کے سلسلے میں مدد کی فوری اور اشد ضرورت ہے۔ شاہ محمود نے کہا ہے کہ مجھے اعتماد ہے کہ اجلاس ٹھوس اقدامات پر غور کرے گا۔ جن سے افغانستان کو درپیش انسانی اور معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ میں او آئی سی کے اپنے ساتھی وزراء خارجہ کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتا ہوں۔