• news

ہوائی اڈوں کی بحالی: طالبان نے یورپی یونین سے مدد مانگ لی

دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) طالبان نے یورپی یونین سے افغانستان کے ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے مدد کی درخواست کی ہے۔ وزیر خارجہ امیر اللہ متقی کی زیر قیادت طالبان وفد نے دوحہ میں یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ملاقات کے دوران مسائل کو سیاسی تحفظات سے الگ رکھنے اور دباؤ کے بجائے تعاون کے ذریعے ان کے حل پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے افغانستان میں دفتر کھولنے اور افغان عوام کی مدد کا وعدہ کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ ادھر یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہے۔ برطانوی ناظم الامور برائے افغانستان دوحہ میں امارات اسلامیہ کے وفد سے ملاقات کی۔ افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں جاری انسانی بحران پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں افغانستان کیلئے برطانوی امداد‘ لڑکیوں کی تعلیم اور دہشت گردی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن