افسر بد عنوانی کا خاتمہ قومی فرض سمجھ کے کر رہے ہیں: چیئر مین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین (ر) جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نیب نے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور انڈر انوائسز کے کیسز قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق کہا نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، وائٹ کالر کرائمز کی انویسٹی گیشن بڑا چیلنج ہے کیونکہ جرم ایک شہر میں ہوتا ہے اور املاک کسی اور جگہ پر موجود ہوتی ہیں، نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ہاسنگ سوسائٹیاں کسی اراضی کے بغیر یا تھوڑی سی اراضی رکھتے ہوئے غریب شہریوں کو اشتہارات کے ذریعے سنہرے خواب دکھا کر لوٹتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب سہ جہتی حکمت عملی، آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ پر عمل کرتے ہوئے احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر بھرپور یقین رکھتا ہے۔