کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض جمید کی گورنر ، وزیراعلی خیبر پی کے ملا قا تیں
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان سے نو تعینات کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ہلال امتیاز) نے پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر، وزیراعلیٰ سے تعارفی ملاقاتیں کیں۔ گورنر شاہ فرمان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو بطور کورکمانڈر پشاور تعیناتی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں صوبہ بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو میں وزیر اعلی محمود خان نے صوبے بالخصوص ضم اضلاع میں امن کی بحالی کیلئے پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں امن کی بحالی کیلئے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔