• news

پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی منظور ، امن بھائی چارے کو فروغ دینگے: عثمان بزدار

پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی منظور ، امن بھائی چارے کو فروغ دینگے: عثمان بزدارلاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے احسن اقدام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021ء کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے ملاقات کی اور پہلی ثقافتی پالیسی 2021ء پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی پیش کرنے کا اعزاز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہوا ہے۔ ثقافتی پالیسی کے تحت فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائے گا۔ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔ فنون کے فروغ اور اورنج اکانومی کے ذریعے معیشت کی سپورٹ بھی ثقافتی پالیسی کا حصہ ہیں۔ ثقافتی پالیسی کے تحت صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا اور بیروزگار آرٹسٹس کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں فلم کی بحالی کیلئے اقدامات ممکن ہوں گے۔پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن رہی ہے۔ قدیم ترین مستند 4 ثقافتی ورثے پنجاب میں شامل ہیں۔ یونیسکو کے ذریعے مزید 9 ثقافتی مقامات کو کلچرل ہیریٹج میں شامل کیا جائے گا۔ ادب، ثقافت، تھیٹر اور لوک موسیقی اہل پنجاب کی پہچان ہے۔ فروغ ثقافت کی تحریک میں صنفی مساوات کو مد نظر رکھا جائے گا۔ عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات، سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کابینہ اتفاق رائے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021ء کے مسودہ قانون کی منظوری دے چکی ہے۔ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ عثمان بزدار نے سینئر صحافی ایم ضیاء الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن